دونوں شہروں میں اچانک ہلکی بارش

   

آئندہ 48 گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے ساتھ ہی اچانک بارش کے دوران شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ تیز ہوا کے ساتھ کئی مقامات پر بارش کے ساتھ ہی برقی سربراہی منقطع ہونے کے علاوہ کئی مقامات پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ایمرجنسی عملہ کو بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے چوکس دیکھا گیا لیکن کچھ دیر کی بارش کے سبب کسی بھی مقام پر بارش کا پانی جمع ہونے کی کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی۔ برقی سربراہی منقطع ہونے پر شہر کے کئی علاقوں سے محکمہ برقی کو شکایات موصول ہوئیں اور محکمہ کی جانب سے برقی سربراہی کو بحال کرنے اقدامات کئے گئے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر کے علاوہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں 30 مئی تک گھن گرج اور چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ طوفان یاس کے اثرات کے علاوہ درجہ حرارت میں کمی اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ بارش اور قبل از وقت مانسون کی پیش قیاسی و آئندہ 48گھنٹوں میں ہلکی و تیز بارش کی پیش قیاسی میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔