دونوں شہروں میں تارک وطن مزدوروں کی تفصیلات کا حصول

   

بھوئی گوڑہ واقعہ کے بعد محکمہ لیبر سرگرم ۔ غیر قانونی کارخانوں کا بھی پتہ چلایا جائیگا

حیدرآباد۔25مارچ(سیاست نیوز) بھوئی گوڑہ میں آگ لگنے کے واقعہ میں مزدوروں کی ہلاکت کے بعد محکمہ لیبر سے دونوں شہروں میں تارک وطن مزدوروں کی تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہے ۔ اس کے علاوہ بندھوا مزدوروں اور بچہ مزدوروں کے متعلق بھی آگہی حاصل کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی حکام سے شہر بالخصوص رہائشی علاقوں میں کارخانوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں کیونکہ محکمہ لیبر کو موصول تفصیلات کے مطابق ایسے کارخانے جو رہائشی علاقو ںمیں ہیں ان ںمیں بندھوا مزدوروں کی بڑی تعداد ہے اور ان کا اندراج محکمہ کے ریکارڈس میں نہیں ہے۔ اسی لئے محکمہ لیبر کی جانب سے بندھوا مزدوروں اور بچہ مزدوری کروانے والوں پر کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو ہفتوں میںدونوں شہروں کے رہائشی علاقوں میں چوڑیوں‘ چپلوں کے علاوہ ایسے کارخانوں کی جانچ کی جائیگی جہاں دوسری ریاستوں سے مزدوروں کو لا کر کام کروایا جارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بھوئی گوڑہ واقعہ کے بعد محکمہ لیبر شکایات میں کہا گیا ہے کہ اترپردیش‘ بہار‘ مغربی بنگال ‘اوڈیشہ سے کئی مزدور شہر میں ہیں اور ایسے کارخانوں اور صنعتی اداروں میں کام کر رہے ہیں جن کا محکمہ لیبر میں کوئی اندراج نہیں ہے اور یہ کارخانے اور ادادرے گنجان آبادیوں میں موجود ہیں۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ ان کارخانوں میں مزدوروںاور مالکین کے درمیان راست رابطہ بھی نہیں ہوتا کیونکہ کارخانوں کے ٹھیکہ دار اپنی ذمہ داری پر دیگر ریاستوں سے بچہ مزدور اور بندھوا مزدور لاتے ہیں اسی لئے ان کے ساتھ ناروا سلوک کی صورت میں کسی کے خلاف کاروائی ممکن نہیں ہوتی اور ناگہانی حادثہ پر حقائق کا انکشاف ہوتا ہے۔ محکمہ لیبر کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ دونوں شہرو ںمیں چوڑیوں‘ زردوزی ‘ چپلوں کے علاوہ دیگر ایسے کارخانوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جو کہ گنجان آبادیوں میں ہیں اور ان میں بیرون ریاست کے مزدور خدمات انجام دے رہے ہیں۔