دونوں شہروں میں تیز بارش سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا

   

حیدرآباد۔5اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آج ہونے والی بارش سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں بونداباندی ہوئی ۔ بارش کے باوجود گرمی کی شدت میں کمی نہیں ہوئی بلکہ رطوبت میں اضافہ سے عوام کو گرمی کی شدت کا سامنا کرنا پڑا۔ عطا پور‘ راجندر نگر‘ فلک نما‘ مشیر آباد‘ بنجارہ ہلز‘ جوبلی ہلز ‘ مادھاپور و دیگر علاقو ںمیں مختصر وقفہ کیلئے بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران دونوں شہروں و اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ کے مطابق اضلاع اور حیدرآباد میں بارش کے باوجود موسم گرم ہی رہیگا اور آئندہ تین یوم تیز ہواؤں اور گرج ‘ چمک کے ساتھ بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ سے رطوبت میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں18 اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی ۔ محکمہ کی پیش قیاسی کے بعد ان اضلاع کے کلکٹرس کی جانب سے ایمرجنسی عملہ کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جہاں بارش کے امکانات ہیں۔م