حیدرآبا7 اکٹوبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آج دن بھر وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد گذشتہ شب ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور کئی علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں بھی کئی مقامات پر بارش ہوئی لیکن دن میں بارش نہ ہونے سے مطلع صاف ہوگیا تھا ۔ دوپہر کے بعد اچانک کئی علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوا ۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ زائد از ایک گھنٹہ بارش کے بعد شام کے وقت بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو ایک گھنٹہ جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے 23 اضلاع کیلئے آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کرکے آرینج الرٹ جاری کیا جس میں شہر و میڑچل ۔ ملکا جگری ‘ رنگاریڈی اور دیگر نواحی علاقے شامل ہیں ۔ حیدرآباد وسکندرآباد و نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش سے دونوں ذخائر آب حمایت ساگر و عثمان ساگر کی سطح آب میں بھی اضافہ کی اطلاعات ہیں جبکہ پانی کے اخراج کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بیشتر علاقوں فلک نما ‘ چندرائن گٹہ ‘ چارمینار‘ حسینی علم ‘ محبوب چوک‘ تالاب کٹہ‘ مغل پورہ ‘ چادر گھاٹ‘ ملک پیٹ ‘ مشیر آباد‘ خیریت آباد‘ لکڑی کا پل‘ آصف نگر‘ شیخ پیٹ‘ گولکنڈہ ‘ ٹولی چوکی ‘ سکندرآباد ‘ بوئن پلی ‘ چکڑپلی ‘ مشیر آباد‘ بیگم بازار ‘ نامپلی ‘ کوٹھی ‘ عابڈس ‘ حمایت نگر‘ بشیر باغ ‘ پنجہ گٹہ و دیگر مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز‘ تارناکہ ‘ عنبر پیٹ‘ اپل اور ملکاجگری میں بھی موسلادھاربارش ریکارڈ کی گئی ۔کئی علاقوں میں ’حیدرا‘ و بلدیہ کے ایمرجنسی عملہ و ڈی آر ایف ٹیموں کو پانی کی نکاسی کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے دیکھا گیا۔3