کرناٹک میں بھی چوکسی
حیدرآباد یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں و دیگر اضلاع میں سانس لینے میں تکلیف کے علاوہ پھیپڑوں سے متعلق امراض کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور چین میں پھیپڑوں کے امراض کا شکار افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت سے جاری اڈوائزری کے بعد حکومت کرناٹک نے بھی ریاست میں تنفس کے عوارض میں مبتلاء مریضوں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے انہیں فلو‘ بخار‘ نزلہ ‘ کھانسی ‘ زکام اور اس طرح کی علامات کی صورت میں ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ گذشتہ چند ہفتوں میں چین میں اچانک ان عوارض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے گذشتہ اتوار کو وزارت صحت نے ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کیلئے اڈوائزری جاری کرکے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چوکس رہیں اور اپنے شہریوں میں شعور اجاگر کریں۔ مرکزی حکومت کے مکتوب میں کہا گیا کہ شدید بخار : نزلہ ‘ زکام یا سانس لینے کی تکلیف کی شکایت ہوتو وہ اسے نظرانداز نہ کریں۔ حکومت کرناٹک کی جانب سے محکمہ صحت کو جاری کی گئی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ تمام دواخانوں اور ہیلت انفراسٹرکچر کو چوکس اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری طور پر کاروائی کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چین میں معصوم بچوں میں سانس لینے کی تکلیف کی بیماری کے بعد حکومت ہند کے محکمہ صحت نے بھی چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسی کے ساتھ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو مکتوب روانہ کرکے نشاندہی کی گئی تھی کہ ان امراض کا جو آسانی سے شکار ہوں گے ان میں معصوم بچوں کے علاوہ حاملہ خواتین‘ ضعیف العمر افراد ‘ذیابیطس اور پھیپڑوں کے عوارض میں مبتلاء مریض ہوسکتے ہیں اسی لئے چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔