دونوں شہروں میں سڑکوں کی تعمیر کے بڑے پراجکٹ کا منگل سے آغاز

   

جون 2020 تک 50ہزار ڈبل بیڈ روم گھر وں کی تعمیر، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کا بیان

حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی کے کمشنر لوکیش کمار نے آج کہا کہ سڑکوں کی دیکھ بھال ، تعمیر و مرمت کے ایک جامع پراجکٹ کے تحت 10 ڈسمبر سے کاموں کا آغاز ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے لئے 709 کلو میٹر طویل سڑکوں کی جامع دیکھ بھال ، تعمیر و مرمت کیلئے بڑی سڑکوں کی شناخت و نشاندہی کا کام جاری ہے۔ بیک وقت متعدد متوازی و مربوط سڑکوں پر کام شروع کئے جائیں گے تاکہ بڑی سڑکوں پر ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے رکاوٹیں دور کی جائیں گی ، راستوں کو کشادہ بنایا جائے گا اور اس کے لئے ضروری ہو تو زمین بھی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر زون میں کم سے کم 10 کلو میٹر طویل سڑکوں کو فروغ دینے کی تجاویز ہیں اور ان کاموں کیلئے 280 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ لوکیش کمار نے کہا کہ اراضی کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم کے ضمن میں جی ایچ ایم سی تقریباً 28000 درخواست گذاروں سے کہہ چکی ہے کہ وہ 31 ڈسمبر سے پہلے ایل آر ایس کلیرنس حاصل کرلیں۔ فون، ایس ایم ایس، وائس میسیج کے بشمول مختلف ذرائع سے ایل آر ایس درخواست گذاروں سے رابطہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماقبل کی مہم کے تقریباً 26,000 درخواست گذاروں کی فائیلوں کی یکسوئی میں حائل مسائل حل کرنے کیلئے اپنے دفاتر پر روزانہ سہ پہر 3 تا 5 بجے شام دستیاب رہیں۔ کمشنر نے کہا کہ نظر انداز شدہ پارکس کی بحالی ، سبزہ زار کے فروغ کے پروگرام کے تحت شجرکاری اور عوامی بیت الخلاء تعمیر کیلئے کھلے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسوں کے ٹہرنے کیلئے تقریباً35 ’ بس بیز ‘ تعمیر کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ہر زون میں ایک اسکائی وے اور فُٹ اوور بریج تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔ سڑکوں پر پیدا شدہ کھڈ بھرنے کا کام جاری ہے ۔ سڑکوں کی 130 تا140 میٹر کے درمیان پٹیوں کی تعمیر کیلئے جدید ترین مشینس استعمال کئے جارہے ہیں۔ اندرون دو یا تین ماہ تمام سڑکیں درست کرلی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 9,000 ڈبل بیڈ روم گھرتیار ہوچکے ہیں اور جون 2020 تک 50,000 گھر عوام کو دینے کے سپرد کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔