نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکسی کا مشورہ ، حمایت ساگر و عثمان ساگر کی سطح آب پر مسلسل نظر
حیدرآباد۔27۔اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں گذشتہ شب رات بھر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے اور دونوں شہروں کے نشیبی علاقوں میں عوام کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے لئے آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ دونوں شہروں اور مضافاتی علاقوں میں بھی جلد موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی و مضافاتی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کاسلسلہ جاری ہے اور کہا جار ہاہے کہ 27اگسٹ کی درمیانی شب سے دونوں شہرو ں میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ شہر میں جاری بارش کے نتیجہ میں متعلقہ محکمہ جات بالخصوص محکمہ آبرسانی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ برقی ‘ ’حیڈرا‘ محکمہ پولیس کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے بارشوں کے دوران نقصانات کو کم کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ شب سے جاری بارش کے متعلق پیش کی جانے والی تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے پاس سب سے زیادہ بارش گذشتہ 14 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے جہاں 45.3 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران 30 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے اور دن کے اوقات میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق رات 8 بجے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد رات دیر گئے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ آبرسانی نے شہر حیدرآباد کے ذخائر آب بالخصوص حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی سطح آب پر نظر رکھتے ہوئے ان ذخائر آب میں پہنچنے والے پانی کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور تیز رفتار کے ساتھ سطح آب میں اضافہ کی صورت میں دونوں ذخائر آب کے مزید دروازوں کو کھولنے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح محکمہ آبرسانی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے حسین ساگر جھیل کی سطح آب پر بھی گہری نظر رکھنی شروع کردی ہے اور نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس و متحرک رہنے کی ہدایات جاری کی جانے لگی ہیں۔ ’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے آؤٹررنگ روڈ کے حدودمیں موجود برساتی پانی کے بہاؤ کے لئے تعمیر کئے گئے نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر کئے جانے والے قبضہ جات کی نشاندہی کے علاوہ نالوں کی صفائی کے ذریعہ پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔3