دونوں شہروں میں موسلادھار بارش، ایمرجنسی عملہ متحرک

,

   

بعض مقامات پر درختوں کے گرنے سے گاڑیوں کو نقصان ، نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے ہرممکنہ اقدامات

حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں دوپہر سے موسلا دھار بارش کے دوران کئی مقامات پر درختوں کے گرنے کے واقعات پیش آئے اور ان میں ایک سے زائد مقامات پر درختوں کے نیچے پارک کاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق دوپہر سے ہلکی و تیز بارش شروع ہو گئی لیکن پرانے شہر کے علاقو ںمیں کسی مقام پر بارش نہیں ہوئی جبکہ بورا بنڈہ ‘ یوسف گوڑہ‘ رحمت نگر‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز‘ سینک پوری‘ بیگم پیٹ ‘مہدی پٹنم‘گچی باؤلی‘ صنعت نگر‘ مادھا پور‘ کوکٹ پلی‘ نامپلی اور حمایت نگر کے علاوہ سکندرآباد میں زبردست بارش ہوئی ۔ بلدیہ حیدرآباد نے شہر کے آسمان پر مطلع ابرآلود ہوتے ہی جی ایچ ایم سی ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیاگیا اور جن علاقو ںمیں بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی ان میں پانی کی نکاسی کو ممکن بنانے اقدامات کئے جانے لگے ۔ دوپہر ایک بجے سے شروع ہوئی بارش کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیخ پیٹ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جہاں 3 گھنٹے میں 67.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گچی باؤلی کے علاقوں میں 61.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح مادھا پور میں 60ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور شیر لنگم پلی میں 59.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گن فاؤنڈری‘ ایل بی اسٹیڈیم‘ عابڈس‘ نامپلی ‘ مہدی پٹنم میں کم بارش ہوئی ۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں دوپہر سے مطلع ابر آلود تھا اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ بلدیہ حیدرآباد سے دونوں شہروں کے نشیبی علاقو ںمیں موسلا دھار بارش کی صورت میں حالات پر فوری قابوپانے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ نئے شہر کے بیشتر علاقو ںمیں بارش کے متعلق جی ایچ ایم سی حکام نے بتایا کہ پانی جمع ہونے کے علاوہ درختوں کے گرنے کی شکایات ملی ہیں اور ان کے ازالہ کیلئے فوری ٹیموں کو روانہ کیا گیا ۔ نئے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے جو اقدامات کئے گئے ان کے تحت یہاں مستقل ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کے علاوہ ان کے ساتھ پانی کی نکاسی کی موٹر اور دیگر آلات رکھے جا رہے ہیں۔