دونوں شہروں میں نئے ٹریفک سگنلس نصب کرنے کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

ٹریفک نظام کو بہتر بنانے پر زور، کمشنر بلدیہ دانا کشور کا جائزہ اجلاس سے خطاب

حیدرآباد۔16اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںمیں نئے ٹریفک سگنلس کی تنصیب اور موجودہ ٹریفک سگنلس کی درستگی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج شہر حیدرآباد کی ٹریفک کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران یہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں 90 نئے ٹریفک سگنلس کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں۔انہو ںنے اجلاس کے دوران بتایا کہ دونوں شہروں میں فی الحال 221ٹریفک سگنلس موجود ہیں اور مزید 90ٹریفک سگنلس کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود ٹریفک سگنلس میں 55سگنلس کے متعلق جو شکایات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق یہ کارکرد نہیں ہیں اور ان میں 30 سگنلس کا معائنہ کرلیا گیا ہے اور اس بات کی توثیق ہوچکی ہے کہ یہ سگنلس غیر کارکرد ہیں ۔انہو ںنے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود سگنلس کی نگرانی اورنگہداشت بی ای ایل کی ذمہ داری ہے اور بی ای ایل کے عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروادیا گیا ہے کہ جو سگنل کام نہیں کر رہے ہیں انہیں درست کریںیا ان کی تبدیلی عمل میں لائی جائے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ نئے سگنلس کی تنصیب کے سلسلہ میں مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بناتے ہوئے عوام میں ٹریفک کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔مسٹر دانا کشور کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹریفک مسٹر انیل کمار کے علاوہ محکمہ ٹریفک پولیس کے دیگر عہدیدار اور بی ای ایل کے عہدیدار موجود تھے۔مسٹر دانا کشور نے جی ایچ ایم سی انجنئیرنگ شعبہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شعبہ پلاننگ کے ساتھ شہر کی ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے علاوہ نئے سگنلس کی تنصیب اور غیر کارکرد سگنلس کی درستگی کے عمل کا جائزہ لیں ۔مسٹر دانا کشور نے تمام غیر کارکرد سگنلس کے سلسلہ میں اندرون تین یوم رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ ان کی درستگی کے لئے درکار وقت کی تفصیلات حوالہ کرنے کی ہدایت جاری کی ۔