دونوں شہروں میں وقفہ وقفہ سے بارش، عام زندگی متاثر

,

   

ڈرینج سسٹم ناکارہ، نشیبی علاقوں ، سڑکوں پر پانی، ٹریفک میں خلل

حیدرآباد۔24ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے سبب سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنے کی شکایات موصول ہوئی۔ رحمت نگر ‘ یوسف گوڑہ ‘ جوبلی ہلز‘ مادھا پور کے علاوہ دیگر علاقوں میں دوپہر کے وقت شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سہ پہر کے وقت شام 5بجے شہر کے مصروف ترین علاقوں خیریت آباد‘ سوماجی گوڑہ ‘ بشیر باغ‘ عابڈز ‘ نامپلی اور دیگر علاقو ںمیں ہونے والی موسلا دھار بارش نے ان علاقوں کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا جس کے سبب شہر کے ان اہم ترین علاقوں میںمصروف ترین اوقات کے دوران کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد کے مختلف علاقو ںمیں بارش کا سلسلہ آئندہ تین دن تک جاری رہے گا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور جن مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات ہیں ان مقامات پر ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے

لیکن اس کے باوجود شہر کی سڑکوں سے بروقت پانی کے اخراج کیلئے اقدامات نہیں ہوپا رہے ہیں۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے مطابق دونوں شہروں میں مختلف اوقات کے دوران بارش ہونے کے باوجود بھی سڑکوں سے پانی کی فوری نکاسی میں ناکامی کی بنیادی وجہ بارش کے پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے والے نالوں میں موجود کچہرا اور بارش کی رفتار ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں سڑکوں پر پانی کے جمع ہونے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر مختلف وجوہات کی بناء پر عمل آوری میں رکاوٹ پیدا ہونے کے سبب پانی کے بہاؤمیں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرنے میں مستقل کامیابی حاصل نہیں ہورہی ہے۔شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں بارش کے دوران برقی سربراہی کو منقطع ہونے سے روکنے کیلئے کئے جانے کے والے اقدامات کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایاکہ بارش کی صورت میں بھی معیاری برقی سربراہی کو برقرار رکھنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جس کے سبب شہریوں کو بارش کے دوران برقی سربراہی منقطع ہونے کی مشکل کا سامنا کرنا نہیں پڑرہا ہے۔شہر کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں بارش کے سبب تباہ ہوچکی ہیں جبکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے گنیش وسرجن جلوس سے قبل شہر کی کئی اہم سڑکو ںپر مرمتی کام انجام دیئے گئے تھے۔

تلنگانہ میں تین دن کے دوران مزید بارش کا امکان
حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران اوسط یا موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ورنگل، ملگ، محبوب آباد، کھمم، سوریہ پیٹ، نلگنڈہ، ناگر کرنول، محبوب نگر، ونپرتی، جوگولامبا گدوال کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ دیگر کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ دیگر کئی مقامات پر آج چمک کے ساتھ ہلکی یا اوسط بارش متوقع ہے۔ حیدرآباد اور پڑوسی علاقوں میں جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہے گا۔ ایک یا دو مرتبہ بارش یا بوندا باندی بھی ہوگی۔ شہر میں درجہ حرارت 31 ڈگری اور 23 ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا۔ جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں بدستور سرگرم ہے۔ سدی پیٹ، منچریال، عادل آباد، کمرم بھیم اور کھمم میں کہیں طوفانی اور کہیں معمولی بارش ممکن ہے۔ اس دوران دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں منگل کو متعدد مرتبہ موسلا دھار بارش ہوئی۔