حیدرآباد۔/31 جولائی،( سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ، دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج وقفہ وقفہ سے تیز اور ہلکی بارش ہوئی۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے کئی حصوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ شہر میں دوپہر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ مغرب کے وقت موسلا دھار بارش سے کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔ مختلف مقامات پر ٹریفک نظام متاثر ہوا۔ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ بلدیہ کے عملے کے علاوہ ٹریفک پولیس نے سڑک پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کیلئے کوشش کی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ میں جولائی کے اواخر سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اگسٹ میں بھی اسی طرح کا موسم ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔
