حیدرآباد3۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ڈینگو کی وباء کو پھیلنے سے روکنے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شعور بیداری مہم کا آغاز کرکے اسکولی طلبہ کو صفائی رکھنے کی عملی تربیت فراہم کی ۔ طلباء کو ہاتھوں کی صفائی اور آس پاس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات کی تربیت دی۔ دونوں شہروں میں بلدیہ حیدرآباد سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے علاوہ پانی جمع ہونے کے مقامات کی نشاندہی کرکے ان کی صفائی کو یقینی بنایا جانے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ محلہ جات اور کالونیوں کے علاوہ مچھروں کی افزائش کے مقامات کی نشاندہی کرکے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بلدیہ نے شہر مختلف علاقوں سے بہنے والے برساتی نالوں اور تالابوں و کنٹوں میں ڈرون کے ذریعہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کا آغاز کیا ہے اور جاریہ ہفتہ کے دوران مسلسل مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے علاوہ طلبہ میں شعور بیداری کے پروگرام منعقد کرتے ہوئے ڈینگو سے بچاؤ کی تدابیر سے واقف کروایا جائے گا۔3