دونوں شہروں میں ہلکی و تیز بارش، موسمی کیفیت عجیب و غریب

   

حیدرآباد۔20 ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں کئی مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کے سبب موسمی کیفیت عجیب ہوتی جا رہی ہے اور محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںکی جانب سے بھی اس صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جار ہاہے بلکہ کہا جا رہاہے کہ موسمی تبدیلی کے اثرات کے سبب ایسا ہورہا ہے کہ شہری حدود میں کہیں بارش ہورہی ہے تو کہیں بارش کا نام و نشاں نہیں ہے اور کہیں بادل ہیں تو کہیں دھوپ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ گذشتہ تین یوم سے شہر حیدرآبا دمیں یہ دیکھا جا رہاہے کہ شہر کے کسی کسی مقام پر موسلا دھار بارش ہونے لگتی ہے لیکن چند کیلو میٹر کے فاصلہ پر بارش کے اثرات بھی محسوس نہیں ہورہے ہیں بلکہ بعض مقامات پر تو مطلع مکمل صاف نظر آرہا ہے۔ دونوں شہروں میں ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے بلدی حدود میں ہونے والی بارش کے ریکارڈ جاری کئے جانے کے بعد کئی لوگوں کو یہ پتہ چل رہا ہے کہ شہر کے کسی حصہ میں بارش ہوئی ہے اور بعض مقامات پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی وجہ سے یہ پتہ چل رہا ہے کہ بارش کتنی شدید ہوئی ہے۔