دونوں شہروں میں 1000 حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی

,

   

Ferty9 Clinic

تمام 3,976 مراکز رائے دہی پر ویڈیو گرافی، کل پولنگ کیلئے مؤثر انتظامات
حیدرآباد۔9اپریل(سیاست نیوز) ریاست کے 17پارلیمانی حلقوں میں 11اپریل کو رائے دہی ہونے جا رہی ہے اور شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 4ہزار 378پریسائیڈنگ آفیسر س ‘ 4ہزار 378 اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر س‘ 8ہزار 756او پی اوز‘ 519 مائیکرو آبزرورس کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے اور انہیں ان کی ذمہ داریوں کی تفویض کا عمل جاری ہے۔جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام مراکز رائے دہی میں ویڈیو گرافی کی جائے گی جبکہ 1000حساس مراکز رائے دہی پر ویب کاسٹنگ کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود جملہ 3ہزار 976مراکز رائے دہی موجود ہیں جہاں رائے دہی کے انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ہے۔جی ایچ ایم سی حدود میں موجود مراکز رائے دہی میں گرمی کی شدت کے پیش نظر رابن ہوڈ آرمی کے اشتراک سے ضلع الکٹورل آفیسر نے رائے دہندوں کے لئے چھانچ کی تقسیم کے انتظام کئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ہر مرکز رائے دہی پر کم از کم 300 چھانچ کے پیاکٹس موجود رہے ںگے۔ 77اشیاء پر مشتمل رائے دہی کے میٹریل جو کہ حلقہ پارلیمنٹ لوک سبھا حیدرآباد و سکندرآباد کا ہوگا وہ 10اپریل کو 14مقامات پر تقسیم کیا جائے گا۔ہر اسمبلی حلقہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے مکمل خواتین پر مشتمل ایک مثالی مرکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس اعتبار سے دونوں حلقہ جات اسمبلی میں 14مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں آئے گا۔مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام مراکز رائے دہی میں بلا وقفہ برقی سربراہی کے انتظامات کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور شہر میں نظم و نسق کی برقراری کیلئے بھی اقدامات کی ہدایت دی جا چکی ہے علاوہ ازیں شہری حدود میں محکمہ پولیس کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ لیتے ہوئے حساس مراکز رائے دہی پر رائے دہی کے دوران کسی بھی طرح کی ہنگامہ آرائی کو روکنے کیلئے اقدامات کی تاکید کی جاچکی ہے۔ ضلع الکٹورل آفیسر کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کے سلسلہ میں بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے تمام مراکز رائے دہی پر محکمہ پولیس ‘نیم فوجی دستوں کے علاوہ سابق فوجی اہلکاروں کی خدمات کے حصول کو یقینی بنایاجارہا ہے اور مراکز رائے دہی کے قریب ویڈیو گرافی کو ممکن بنانے کی ہدایت دی جا رہی ہے ۔