حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر ۔ ( آصف احمد)۔ گزشتہ 55 دنوں سے ساری ریاست میں آر ٹی سی بس ہڑتال کے باعث سڑکوں پر آر ٹی سی بسوں کی آمد ورفت معمول کے مطابق نہ تھی لوگ آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے سے خوف زدہ تھے کیونکہ خانگی ڈرائیورس کی خدمات حاصل کی جارہی تھی جس کی وجہ سے لوگ بسوں کے ذریعہ سفر کرنا پسند نہیں کررہے تھے ، قابل ذکر بات ہیکہ آر ٹی سی ہڑتال کی وجہ سے آر ٹی سی کے صرف 48 ہزار خاندان متاثر ہی نہیں بلکہ اس کے پیچھے لاکھوں خاندان متاثر ہوئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں شہر حیدرآباد کی چند آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والوں سے بات کی گئی بس میں سفر کرنے والوں نے بتایا کہ چھوٹے چھوٹے تاجر ، ٹھیلہ بنڈیوں پر کاروبار کرنے والے متاثر ہوئے ہیں ۔ خاص کر پلاسٹک کے سامان ، گھریلو کام کاج کا سامان ، بچوں کے کھیلنے کے کھلونے ، چوڑی کا کاروبار اور ریڈیمیڈ گارمنٹ کے تاجر جو شہر کے علاوہ چھوٹے چھوٹے دیہاتوں میں گھوم گھوم کر کاروبار کرنے والے متاثر ہوئے ہیں اس کے علاوہ آر ٹی سی سے جڑے کئی کاروباریوں نے آج شہر کا رخ کرتے ہوئے خرید و فروخت میں مصروف رہے اس کے علاوہ گزشتہ 55 روز سے خواتین بھی گھروں میں ہی رہی لیکن آج 29 نومبر بروز جمعہ آر ٹی سی بسوں کے سڑکوں پر نظام بحال ہوا ۔ لوگ خرید و فروخت کیلئے شہر کے مارکٹوں کا رخ کرنا شروع کردیا ۔ شہر کے ہر بس اسٹاپ پر طلبہ ، سرکاری و خانگی ملازمین بس کیلئے ٹھہرے ہوئے نظر آئے ۔ دوسری جانب جیسے ہی آر ٹی سی بسوں کے پہئے چلنا شروع ہوئے دوسری جانب میٹرو ریل میں عوام کا ہجوم 50 فیصد کم دیکھا گیا ۔ گزشتہ 55 دنوں کے دوران کام کے اوقات میں میٹرو ریل میں کافی ہجوم رہا تھا لیکن آج میٹروریل اسٹیشنوں پر کافی کم تعداد میں مسافرین سفر کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔