دونوں شہروں کی مساجد میں صرف 5 مصلیوں کے ساتھ نماز عید ہوگی ۔ عام داخلہ ممکن نہیں

,

   

حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) مساجد میں 5افراد کو نماز کی جو اجازت ہے ان شرائط کے ساتھ ہی نماز عید الفطر ہوگی اور اور خطبہ دیا جائے گا لیکن عام داخلہ کی اجازت حاصل نہیں رہیگی ۔ شہر کی مختلف مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے نماز کیلئے یہ فیصلہ ہو رہا ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ نماز پنجگانہ ادا کی جا رہی تھی ان کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کی جائیگی اور عام داخلہ کی اجازت نہیں رہیگی ۔ مساجد کے ذمہ داران کی جانب سے اس مسئلہ پر علماسے مشاورت بھی کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ5افراد کے ساتھ نمازوں کی جو اجازت ہے وہ برقرار ہے ۔ 5افراد نماز پنجگانہ اور جمعہ کی طرح نماز عیدالفطر بھی ادا کریں لیکن اگر تعداد سے زیادہ افراد جمع ہوتے ہیں تو انکے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ شہر میں کئی مساجد میں معمول کی نمازوں کے مطابق نماز عیدکے انتظامات کرلئے گئے ہیںلیکن عید کے موقع پر کسی میدان یا عید گاہ میں نماز نہیں ہوگی ۔ مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے عید کی نماز کیلئے ان مصلیوں کو اجازت کا فیصلہ کیا گیا جو روزانہ پنجوقتہ نمازوں کیلئے موجود تھے اور بعض مساجد میں معتکفین کی جانب سے نماز عید الفطر ادا کی جائیگی اور کسی کو مسجد میں داخل ہونے نہیں دیا جائیگا ۔