حیدرآباد۔6اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں اتوار کو ہوئی موسلادھار بارش کے دوران کئی مقامات پردرخت گرنے کے علاوہ پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ نے ان شکایات کو دور کرنے کیلئے فوری ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا اور کئی مقامات سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے عملی اقدامات کئے گئے جس کے نتیجہ میں کسی بھی علاقہ میں مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول نہیں ہوئی ۔دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں گذشتہ شب سے ہی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا اور آج دن میں مطلع ابر آلود تھا ۔ دوپہر کے بعد شروع ہوئی بارش سے قبل کی جی ایچ ایم سی کی جانب سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ضرورت کے تحت مکانات سے باہر نکلیں کیونکہ موسلادھار بارش کے امکان ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے الرٹ کے چند منٹ بعد ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے سبب شہر کے کئی علاقو ںمیں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں ہلکی اور بعض علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 3یوم کے دوران بھی مانسون کی بارش کا امکان ظاہرکیا جا رہا ہے۔دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے 32 ایمرجنسی ٹیموں کو مستعد وچوکس رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر قابو پایا جاسکے ۔ نئے شہر کے علاوہ اپل ‘ ترملگری ‘ عنبر پیٹ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پرانے شہر کے علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ سہ پہر تک جاری رہا لیکن اس کے بعد بھی مطلع ابر آلود ہی رہا۔شام کے بعد میں موسم میں خنکی بھی محسوس کی جانے لگی ۔