تمام ہوم گارڈس کو ٹریفک پولیس کی خدمات کے لیے مامور کرنے کا فیصلہ ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔31 جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہر حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود ٹریفک مسائل کو اندرون تین ماہ حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات اور قائدین کے پاس خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈس کو فوری واپس طلب کرتے ہوئے انہیں ٹریفک پولیس میں خدمات انجام دینے کے لئے مامور کیا جائے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے درکار ہوم گارڈس کے تقررات کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں شہر حیدرآباد میں ٹریفک جام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ محکمہ بلدی نظم ونسق کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران کہا کہ دونوں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری طور پر ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے اور ہر ماہ اس کمیٹی کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے اقدامات کئے جائیں علاوہ ازیں ماہرین کے ذریعہ ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے تفصیلی مطالعہ کروایا جائے تاکہ ان کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جائے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کوجی ایچ ایم سی حدود میں موجود ٹریفک سگنل‘ سڑکیں ‘ جنکشن اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے موجود عملہ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ چیف منسٹر نے مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ آرڈر پولیس کی خدمات بھی حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری حدود میں موجود ٹریفک پولیس اسٹیشنوں کی از سر نو حدبندی کے اقدامات کئے جائیں اور موجودہ ٹریفک پولیس اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے ٹریفک پولیس عملہ کی قلت کو دور کرنے کے لئے اندرون تین ماہ اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی ۔انہوں نے مصروف ترین اوقات میں لاء اینڈ آرڈر کے عملہ کی خدمات بھی ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے حاصل کرنے کی ہدایت دی۔جائزہ اجلاس کے دوران مسز شانتی کماری چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ ‘ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مسٹر روی گپتا‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر دانا کشور‘ مسٹر کے سرینواس کمشنر آف پولیس حیدرآباد‘ مسٹر ایویناش موہنتی کمشنر آف پولیس سائبر آباد‘ مسٹر سدھیر بابو کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ کے علاوہ مسٹر اے وی رنگاناتھ‘ مسٹر رونالڈ روس کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ جناب شاہنواز قاسم خصوصی سیکریٹری برائے چیف منسٹرکے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔چیف منسٹر نے شہر میں آٹومیٹک سگنلنگ نظام کو مزید بہتر بنانے کے ہدایت دیتے ہوئے کہا بلدی عہدیدارو ںاور پولیس عہدیدار وں کو اس سلسلہ میں مشترکہ طو ر پر منصوبہ بندی کرتے ہوئے ہر ماہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔شہر میں پارکنگ کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے بلدی عہدیدارو ںکو مختلف مقامات پر ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے علاوہ خصوصی پارکنگ پالیسی کی تیاری کی جائے ۔انہوں نے دونوں شہروں کی مجموعی ترقی میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے علاوہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ۔3