بیشتر امیدوار دونوں کے لیے درخواستیں داخل کرچکے ہیں ، کونسلنگ میں شرکت کے تعلق سے الجھن
حیدرآباد 18 اگست ( سیاست نیوز ) : ملک بھر کے میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے NEET کونسلنگ کا عمل جاری ہے ۔ دوسری طرف ریاست میں اگریکلچر ، ہارٹیکلچر اور وٹرنری ڈگری کالجس میں داخلوں کیلئے ( TG EAPCET ) میں داخلوں کا عمل منگل سے شروع ہورہا ہے ۔ ریاست میں بیشتر طلبہ دونوں کیلئے درخواستیں داخل کرچکے ہیں ۔ زراعت سے متعلق ( ایگری ) کورسیس کی نشستیں بھرتی کے معاملے میں الجھن پیدا ہوگئی ہے ۔ امیدوار پہلے ایگری کورسیس میں داخلہ لیں گے ۔ اس کے بعد جب انہیں ایم بی بی ایس یا بی ڈی ایس میں داخلہ ملتا ہے تو وہ ایگری کورسیس میں اپنا داخلہ منسوخ کردیں گے ۔ ایسی صورت میں یہ نشستیں خالی رہ جانے کے امکانات ہیں ۔ ریاست میں بہت سے طلبہ نے انٹرمیڈیٹ بائی پی سی کوالیفائی کرنے کے بعد NEET اور TG EAPCET کے امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اگر ایک کے بعد دوسری کونسلنگ منعقد کی جاتی تو کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن بیک وقت ہونے والی دونوں کونسلنگ پریشانی کا مسئلہ بن گئی ہے ۔ تلنگانہ میں جب سے نیٹ کا عمل شروع ہوا ہے تب سے ایگری ، ہارٹیکلچر اور وٹرنری نشستوں کی بھرتی کے تعلق سے یہی صورتحال پائی جاتی ہے ۔ اگست میں نیٹ کی کونسلنگ شروع ہونے کے بعد پہلے قومی سطح پر اس کے بعد ریاستی سطح میڈیکل کورسیس کے لیے نشستیں بھرنے کا عمل طویل عرصے سے جاری ہے ۔ اگریکلچر کورسیس کے لیے کونسلنگ بھی شروع ہورہی ہے ۔ دونوں انٹرنس ٹسٹ تحریر کرنے والے نیٹ رینکرس پہلے ایگری کورسیس میں داخلوں کے لیے درخواست دی تھی جس کی وجہ سے حکام انہیں اہم کالجس میں نشستیں مختص کررہے ہیں ۔ ان کے بعد رہنے والوں کو دوسرے کالجس میں نشستیں دستیاب ہورہی ہیں ۔ ایگری کونسلنگ کا عمل ختم ہونے سے قبل نیٹ رینکرس یہ نشستیں منسوخ کرتے ہیں تو مخلوعہ نشستوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دوبارہ کونسلنگ کے ذریعہ بھرتی کی جاسکتی ہے ۔ مگر ایگری کونسلنگ ختم ہونے اور کلاسیس کا آغاز ہونے کے بعد نومبر ، دسمبر میں نیٹ کے ذریعہ داخلے حاصل کرنے والے اپنی نشستوں کو منسوخ کرارہے ہیں ۔ جس سے خالی نشستیں بھرتی نہیں ہو پارہی ہیں گذشتہ 5 سال کے دوران 400 سے زیادہ نشستیں مخلوعہ رہ گئی ۔ اس سال ایگری یونیورسٹی کونسلنگ کا عمل فوری مکمل کرتے ہوئے 25 اگست سے کلاسیس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ کونسلنگ درخواستوں کی مہلت ختم ہونے تک 11 ہزار امیدواروں نے درخواستیں داخل کی جن میں 2500 امیدوار نیٹ کے لیے بھی درخواستیں داخل کرنے کا عمل ہواہے ۔ اس تناظر میں طلبہ کے والدین کامطالبہ ہے کہ اگر دونوں کونسلنگ ایک بعد ایک کرائے گئے تو اس مسئلہ کا حل برآمد ہوگا ۔۔ 2