گریجویٹس نے ریاست کی ترقی اور عوامی بہبود کو ووٹ دیا : ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد : وزیر انیمل ہسبینڈری تلنگانہ ٹی سرینواس یادو نے دونوں گریجویٹ کونسل کے حلقوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی کو بی جے پی کے منہ پر طمانچہ قرار دیا۔ نتائج کی اجرائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا اور دونوں کامیاب امیدواروں سرابی وانی دیوی اور پی راجیشور ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک دو انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی کے پیر زمین پر ٹک نہیں رہے تھے اور بی جے پی کے قائدین زبان کو لگام دیئے بغیر باتیں کررہے تھے۔ گریجویٹس نے ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے پھر ایک مرتبہ ٹی آر ایس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت کی جانب سے سرکاری و خانگی شعبوں میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع فراہم کئے جس کی وجہ سے گریجویٹس سرکاری ملازمین، ٹیچرس وغیرہ نے ٹی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے اور بی جے پی کے منہ پر طمانچہ رسید کیا ہے۔ اس شکست کے بعد بی جے پی اپنا محاسبہ کرے اور سبق حاصل کرے ورنہ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کانگریس کے امیدوار اور سابق وزیر جی چناریڈی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کے دورحکومت میں وزارت میں شامل رہنے کے باوجود جی چناریڈی نے ترقی اور عوامی بہبود کیلئے معمولی کام نہیں کئے جس کی وجہ سے عوام نے انہیں نظرانداز کردیا۔