حکومت کا اہم فیصلہ ۔ مزدوروں اور عملہ کا شناختی کارڈ تیار کرنا خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات لازمی، احکامات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 8اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاست میں 24 گھٹنے دوکانات کھلے رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کردیئے۔ اس کیلئے سال میں ایک مرتبہ 10 ہزار روپئے اضافی رقم ادا کرنی ہوگی۔ دوکانات کو 24/7 گھنٹے رکھنے کی اجازت دینے کیلئے حکومت نے تلنگانہ شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1988ء میں ترمیم کی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ لیبر کی اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی نے رہنمایانہ خطوط جاری کیا ہے۔ دوکانات میں کام کرنے والے مزدوروں اور عملے کا لازمی طور پر ریکارڈ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مزدوروں اور عملے کو شناختی کارڈ جاری کرنا ہوگا ان کی شفٹ ٹائمنگ کو بھی اس پر پرنٹ کیا جائے۔ محکمہ لیبر کے قوانین کے مطابق کام کے اوقات کار کو طئے کیا جائے۔ اضافی گھنٹے کام کرنے والوں کو اس حساب سے تنخواہیں ادا کی جائے۔ ہفتہ وار صرف ڈیوٹی کے ساتھ تہواروں پر چھٹیاں دی جائے۔ خاتون ورکرس اور اسٹاف کو راتوں میں ان کی مرضی کے مطابق ڈیوٹی کا تعین کیا جائے۔ اگر وہ راتوں میں خدمات انجام دینے کیلئے راضی نہیں ہے تو ان پر کسی بھی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ڈالا جائے اور خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ نائٹ شفٹ میں خدمات انجام دینے والی خواتین کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔ن