دوگریجویٹ حلقوں سے ایم ایل سی انتخابات کیلئے آج رائے دہی ، پہلی مرتبہ جمبو سائز بیالٹ باکس ، صبح 8 سے شام 4 بجے تک پولنگ ، 17 مارچ کو نتائج

,

   

حیدرآباد :۔ تلنگانہ لیجسلیٹیو کونسل کے لیے دو گریجویٹ حلقوں میں رائے دہی مقرر ہے ۔ ان انتخابات میں ہمہ رخی مقابلہ ہے ۔ محبوب نگر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد اور ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ گریجویٹ حلقوں صبح 8 تا شام 4 بجے پولنگ ہوگی ۔ انتخابات میں امیدواروں کی کثیر تعداد کے پیش نظر جمبو سائز کے بیالٹ باکس تیار کئے گئے ہیں اور سب سے بڑا بیالٹ پیپر بھی بنایا گیا ہے ۔ محبوب نگر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد حلقہ سے زائد از 93 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں جب کہ ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ حلقہ سے 71 امیدوار میدان میں ہیں ۔ زائد از 10 لاکھ گریجویٹ 1,530 پولنگ اسٹیشنوں میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرینگے ۔ دو گریجویٹ حلقوں سے انتخابات کے لیے مہم زوروں سے چلائی گئی ۔ مہم کے دوران حکمران ٹی آر ایس پارٹی اور اپوزیشن بی جے پی و کانگریس کے درمیان لفظی جنگ بھی دیکھی گئی ۔ ووٹوں کی گنتی 17 مارچ کو ہوگی ۔

دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں حکمران پارٹی ٹی آر ایس کو غیر معمولی طور پر ناکامی کے بعد حکمراں پارٹی نے اب ان دو گریجویٹ حلقوں سے کونسل نشستیں جیتنے کی ہر ممکنہ کوشش کی ہے ۔ انتخابی مہم کے لیے ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر قائدین کو مصروف رکھا گیا ۔ ایک حیرت انگیز اقدام میں ٹی آر ایس نے سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ایس وانی دیوی ماہر تعلیم اور آرٹسٹ کو محبوب نگر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد گریجویٹ حلقہ سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ موجودہ ایم ایل سی اور بی جے پی لیڈر ایم رامچندر راؤ نے اپنی انتخابی مہم میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ ان کے حق میں مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی ، بی جے پی او بی سی مورچہ کے قومی صدر کے لکشمن اور دیگر قائدین نے مہم چلائی ۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر اور ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے بھی اپنے امیدوار کے لیے مہم چلاتے ہوئے بی جے پی اور مرکز کی این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ محبوب نگر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد حلقہ سب سے اہم سمجھا جارہا ہے جہاں سابق وزیر جی چناریڈی کانگریس ، تلگو دیشم کے تلنگانہ یونٹ کے صدر ایل رمنا اور سابق ایم ایل سی ناگیشور راؤ ماہر تجزیہ نگار اور دیگر بھی میدان میں ہیں ۔ ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ حلقوں سے ٹی آر ایس نے موجودہ ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی کو امیدوار بنایا ہے جب کہ بی جے پی امیدوار جی پرویندر ریڈی ہیں ۔ تلنگانہ جناسمیتی لیڈر ایم کودنڈا رام بھی مقابلہ کررہے ہیں ۔