دو اوقافی جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ

   

وقف جائیدادوں کے تحفظ میں بورڈ کو کامیابی
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کو شہر میں دو اہم وقف جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کرانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ درگاہ حضرت فقیر ملا میر مومن چپ بالا پور کی اوقافی اراضی کو غیر مجاز طور پر فروخت کرتے ہوئے رجسٹریشن کرائے گئے تھے۔ وقف بورڈ نے سب رجسٹرار دفتر میں تمام متعلقہ دستاویزات اور وقف ریکارڈ پیش کیا جس کی جانچ کرتے ہوئے سب رجسٹرار نے 12 رجسٹریوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ معین منزل گن فاؤنڈری کی اوقافی جائیداد سے متعلق 2008 ء کے غیر مجاز رجسٹریشن کو منسوخ کردیا گیا ۔ جائیداد کو ذاتی قرار دیتے ہوئے وقف بورڈ کی فرضی این او سی کا استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر پولیس اسٹیشن عابڈس میں ایف آئی آر درج کرایا گیا۔ وقف بورڈ کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد سب رجسٹرار نے معین منزل کی 2008 ء رجسٹری کو منسوخ کردیا۔ اس طرح دو اہم جائیدادوں کا تحفظ ممکن ہوسکا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے رجسٹریشن کی منسوخی کے معاملہ میں خصوصی دلچسپی لی اور وہ دیگر جائیدادوں کے تحفظ کیلئے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔