دو بحری جہازوں میں آتشزدگی، 14 ہلاک

,

   

ماسکو ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کریمیا کو روس سے علحدہ کرنے والی آبنائے کرچ میں دو جہازوں میں آگ لگ گئی جن پر ہندوستانی، ترک اور لیبیائی عملہ سوار تھا۔ اس حادثہ میں 14 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ پیر کے روز روس کی آبی حدود سے دور رونما ہوا۔ دونوں ہی بحری جہازوں پر تنزانیہ کے پرچم لہرا رہے تھے۔ ان میں سے ایک جہاز پر ایل این جی لدا ہوا تھا جبکہ دوسرا جہاز ایک ٹینکر تھا اور حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک جہاز میں سے ایندھن دوسرے جہاز کو منتقل کیا جارہا تھا۔ دی کینڈی نامی جہاز پر عملہ کے 17 افراد سوار تھے جن میں 9 ترک شہری اور 8 ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ دوسرے جہاز کا نام مائیسٹرو تھا جس پر عملہ کے 15 ارکان سوار تھے جن میں سات ترک شہری، سات ہندوستانی اور ایک کا تعلق لیبیا سے تھا۔ روسی خبررساں ایجنسی نے میری ٹائم حکام کے حوالہ سے یہ تفصیلات بتائیں اور 14 افراد کے ہلاک ہونے کی توثیق کی۔