بیٹوں کی خرابی صحت پر دلبرداشتہ ماں کا اقدام ‘سنگاریڈی میں واقعہ
حیدرآباد۔ بچوں کی خراب صحت اور دوسرے مسائل سے تنگ خاتون نے اپنے دو بچوں کا گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا اور خودکشی کی کوشش کی ۔ یہ واقعہ سنگاریڈی شانتی نگر میں پیش آیا ۔ اس کو بچالیا گیا ۔ اس نے محبوب ساگر تالاب میں چھلانگ لگاکر خود کشی کی کوشش کی تھی تاہم مچھیروں نے بچالیا ۔ متوفی بچوں کی 6 سالہ ردرانش و چار سالہ ویدانش کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ ٹاون انسپکٹر بی رمیش نے کہا کہ جیوتسنا نامی خاتون کی شیوشنکر سے شادی ہوئی تھی جو سنگاریڈی انڈین بینک کا کیشئیر تھا ۔ ان کے بچوں کا حیدرآباد کے کارپوریٹ دواخانہ میں علاج چل رہا تھا ۔ طویل علاج سے انہیں معاشی مسائل کا سامنا ہوگیا ۔ ردرانش کو گردے کا عارضہ تھا اور ویدانش کو دیگر عوارض لاحق تھے ۔ آج جب شیوشنکر ڈیوٹی پر چلا گیا جیوتسنا نے دونوں بچوں کو ہلاک کردیا اور خود محبوب ساگر ٹینک پہونچ گئی ۔ کودنے سے قبل اس نے سیلفی لی اور اپنے شوہر کو بھیجی ۔ اس کا شوہر محبوب ساگر پہونچ گیا۔ تاہم خاتون نے ٹینک میں چھلانگ لگادی تھی لیکن مقامی مچھیروں نے اسے بچالیا ۔ سنگاریڈی ٹاون پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ بچوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے سنگاریڈی کے سرکاری دواخانہ کو منتقل کردیا گیا ۔