دو بہنیں تالاب میں گر کر غرق

   

حیدرآباد۔29جولائی (یو این آئی) تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے دومکونڈہ منڈل مستقر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں حادثاتی طور پر دو بہنیں تالاب میں گر کر غرق ہو گئیں، جس سے پورے علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق، گوسنگی برادری سے تعلق رکھنے والی یہ بہنیں جو روزمرہ سڑکوں پر ردی کاغذ جمع کر کے اپنا گزر بسر کرتی تھیں، منڈل کے مضافات میں واقع نر سنگا رایا کنٹہ نامی تالاب پر گزشتہ شام کپڑے دھونے گئی تھیں۔کپڑے دھوتے وقت 23 سالہ بڑی بہن راگول شیوانی کے اچانک پانی میں گرنے پر 19 سالہ چھوٹی بہن راگول مالّویا نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن دونوں بہنیں تالاب میں غرق ہو گئیں ۔
جب وہ دیر تک واپس نہیں آئیں تو ان کے گھر والوں نے وہاں جا کر دیکھا، جہاں کپڑے تو موجود تھے مگر وہ خود نظر نہیں آئیں۔ اس پر شک کی بنیاد پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس اور مقامی افراد نے تالاب میں تلاش شروع کی، جس کے بعد اسی رات ایک بہن کی لاش نکالی گئی، جبکہ دوسری بہن کی لاش منگل کو برآمد ہوئی۔