روز روز کے جھگڑوں سے عاجز شوہر کا انتہائی اقدام
نئی دہلی۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک آدمی کو جنوبی دہلی کے جیت پور علاقے سے گزشتہ ماہ اپنی دو بیویوں کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ان دونوں عورتوں کی نعشوں کی شناخت ہوچکی ہے۔ ان میں سے ایک کا نام عصمت پروین ہے اور دوسری عورت کا نام زبنا ہے۔ ان کی نعشوں کو 27 جون کو جیت پور کے ان کے مکان سے برآمد کیا گیا۔ جنوب مشرقی حصہ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس چنائے بسواس نے بتایا کہ مذکورہ عورتوں کا شوہر جمشید عالم 27 جون سے لاپتہ تھا۔ بسواس نے مزید کہا کہ جمشید اپنی بیویوں کو قتل کرنے کے بعد اپنے آبائی شہر فرار ہوگیا تھا، مگر وہ پولیس کو دھوکہ دے کر بہار سے دہلی واپس آگیا تھا۔ ایک خفیہ سراغ پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی ٹیم نے اسے بارا ہندو راؤ علاقے میں پکڑ لیا جہاں وہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے آیا ہوا تھا۔ ڈپٹی کمشنر بسواس نے بیان کیا کہ نعش کے دوران جمشید عالم نے انکشاف کیا کہ اس کی بیویاں آپس میں جھگڑا کیا کرتی تھیں اور اس سے بھی جھگڑا کرتی تھیں۔ وہ اس سے سخت بے زار تھا۔ اس نے سب سے پہلے پروین کا گلا گھونٹ دیا اور اس کے بعد 27 جون کو زبنا کو بھی مار ڈالا اور گھر کو مقفل کرکے فرار ہوگیا۔