حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) دو بیویوں کی رسہ کشی کے دوران پولیس کارروائی کے خوف کا شکار ایک شخص نے خودکشی کرلی۔ چلکل گوڑہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ جہاں 32 سالہ شخص نریش نے خودکشی کرلی۔ پولیس اسٹیشن میں کونسلنگ کے درمیان وقفہ کے دوران اس نے یہ انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع ایک اپارٹمنٹ کی بلندی سے چھلانگ لگاکر نریش نے خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نریش نے پہلی بیوی کو بیماری کی بنیاد پر جھگڑا کرتے ہوئے مائیکے روhنہ کردیا تھا اور عملاً اس کو چھوڑ دیا تھا جس نے جواہر نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت کی تھی۔ اسی دوران مشیرآباد کی ایک نابالغ لڑکی کو لے کر فرار ہوگیا اور میدک کے چرچ پہنچ کر اس سے شادی رچانے کی اطلاعات بھی پائی جاتی ہیں۔ اس نابالغ لڑکی کے والدین نے نریش کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا اور نریش کو طلب کرتے ہوئے پولیس نے دونوں بیویوں کے رشتہ داروں کے درمیان کونسلنگ کی اور اس دورن اس نے انتہائی اقدام کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔
