دو دن نہایت اہم، رائے دہندے چوکس رہیں

   

Ferty9 Clinic

غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہر شہری کی ذمہ داری، ٹی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔9اپریل(سیاست نیوز) پارٹی کارکن اور رائے دہندے آئندہ دو یوم کیلئے چوکنا رہیں اور اس بات کی کوشش کریں کہ کوئی بھی امیدوار غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہوئے رائے دہندوں کو متاثر کرنے کی کوشش میں کامیاب نہ ہونے پائے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی نے آج شیرلنگم پلی میں منعقدہ پارٹی کارکنوں اور قائدین کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ رائے دہندوں کو متاثر کرنے اور انہیں اپنا ہمنوا بنانے کیلئے غیر اخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور ان اطلاعات کے سلسلہ میں متعلقہ اتھاریٹی کوشکایت بھی کی جائے گی لیکن پارٹی قائدین اور کارکنوں کو چاہئے کہ وہ اگلے دو یوم کے دوران چوکسی اختیار کرتے ہوئے ایسی کسی بھی حرکت کو روکنے کیلئے سرگرم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے تمام امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی اور ٹی آر ایس امیدوار اپنی حکومت کی کارکردگی پر مطمئن ہیں اور عوام کو اس بات کا اعتماد اور یقین دلا رہے ہیں کہ وہ کامیاب ہونے کے بعد ریاست کی ترقی کیلئے مرکز کی امداد کو یقینی بنائیں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس نے اپنے 5سالہ دور حکومت میں اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات کی مجموعی ترقی ہو اور اس سلسلہ میں متعدد اقدامات کئے گئے ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں عوام کو گمراہ کرتے ہوئے دولت کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت پر ریاست کے عوام کو مکمل اعتماد ہے اور چیف منسٹر تک ہر مسئلہ پہنچتا ہے اور ہر مسئلہ کے حل کیلئے چیف منسٹر کی شخصی دلچسپی ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد دو دن انتہائی اہم ہیں اور ان دو ایام کے دوران کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمیو ں کو روکنا ہر ذمہ دار شہری کی ذمہ داری ہے ۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے جو جامع منصوبہ تیار کیا ہے ا س پر عمل آوری کیلئے دہلی میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کو طاقت کی ضرورت ہے اور ٹی آر ایس کی طاقت ریاست کے عوام ہیں اور ان کے بغیر ٹی آر ایس کو کوئی طاقت حاصل نہیں ہوسکتی اسی لئے وہ اپیل کرتے ہیں کہ 11اپریل کو رائے دہی کے دن تک قائدین ‘ کارکن اور عوام چوکنا رہتے ہوئے اپنی پارٹی اور خودکی طاقت کو مستحکم کریں۔