تراویح کی رونقیں لوٹ آئیں۔ تاریخی مکہ مسجد کا منظر
حیدرآباد 2 اپریل ( سیاست نیوز ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان ہوتے ہی شہر کی مساجد میں نماز تراویح کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ نماز عشاء کے بعد تراویح کا آغاز ہوگیا ۔ شہر میں دو سال کورونا وباء کی وجہ سے رمضان المبارک اور تراویح کی رونقیں ماند پڑی ہوئی تھیں۔ تاہم اس بار کسی طرح کی پابندیاں نہیں ہیں اور نہ ہی کورونا وباء کا کوئی اثر باقی رہ گیا ہے ۔ ایسے میں شہر کی تمام مساجد میں پوری عقیدت و احترام کے ساتھ نماز تراویح کا آغاز ہوگیا ۔ تمام مساجد میں مصلیان کرام کی کثیر تعداد نماز تراویح میں شریک رہی ۔ بیشتر مساجد میں پہلے دہے میں تین پارے قرآن مجید سنائے جا رہے ہیں۔ شہر کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز تراویح کا سب سے بڑا اجتماع رہا ۔ مصلیان کی صفیں صحن کو پار کرتی نظر آئیں۔ اسی طرح کچھ مساجد میں پنج شبی شبینہ اور کچھ مساجد میں چھ شبی شبینہ تراویح کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ یہاں بھی مصلیان کرام کی خاطر خواہ تعداد شریک رہی ۔ کچھ مساجد میں سوا پارہ اور کچھ مساجد میں دیڑھ پارہ قرآن مجید نماز تراویح میں سنائے جا رہے ہیں۔ کچھ مساجد میں تاجرین کی سہولت کیلئے رات 11 بجے سے تراویح کا نظم بھی کیا گیا ہے ۔