محمد اظہر الدین کو راج بھون میں آج دوپہر 12.15 بجے گورنر جشنو دیو ورما حلف دلائیں گے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی کابینہ میں کل 31 اکتوبر کو توسیع کی جارہی ہے اور گورنر جشنو دیو ورما ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین کو وزارت کا حلف دلائیں گے ۔ راج بھون میں تقریب حلف برداری دوپہر 12.15 بجے مقرر ہے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء کے علاوہ سرکردہ قائدین شرکت کریں گے۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر اقلیتوں میں پائی جانے والی بے چینی دور کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے کابینہ میں مسلم نمائندہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور محمد اظہرالدین کے نام کو منظوری دی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تقریب حلف برداری کی اجازت دے دی ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کا تقریب حلف برداری پر نفاذ نہیں ہوگا۔ کانگریس ہائی کمان نے گزشتہ 22 ماہ کی ریونت ریڈی حکومت میں مسلم وزیر کی شمولیت کا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ بالخصوص جوبلی ہلز کے رائے دہندوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے ۔ گزشتہ دو دنوں سے اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت کی اطلاعات گشت کر رہی تھی اور آج راج بھون میں تقریب حلف برداری کی توثیق کردی ہے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں اقلیتی رائے دہندوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ہے جو نتائج میں فیصلہ کن رول ادا کرسکتے ہیں۔ بی آر ایس رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کے دیہانت کے سبب ضمنی چناؤ مقرر ہے جس میں کانگریس پارٹی نے نوین یادو کو امیدوار بنایا ہے ۔ محمداظہرالدین 2023 میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں۔ اظہرالدین نے 2009 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور اترپردیش کے مراد آباد لوک سبھا حلقہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ 2014 میں انہوں نے راجستھان کے ٹونک سوائی لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیا تھا لیکن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 2018 میں انہیں پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ مقرر کیا گیا اور 2023 میں کانگریس کے ٹکٹ پر جوبلی ہلز سے مقابلہ کیا تھا۔ تلنگانہ کابینہ نے حال ہی میں پروفیسر کودنڈا رام اور محمد اظہر الدین کے ناموں کی گورنر کوٹہ کے تحت قانون ساز کونسل کی رکنیت کے لئے سفارش کی ہے لیکن گورنر نے اس سلسلہ میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ حلف برداری کے اندرون 6 ماہ محمد اظہرالدین کو اسمبلی یا کونسل کے رکن کے طور پر منتخب ہونا لازمی رہے گا۔ بی جے پی کی جانب سے حلف برداری تقریب کو روکنے کیلئے الیکشن کمیشن کی گئی نمائندگی بے اثر ثابت ہوئی۔ کابینہ میں اظہرالدین کی شمولیت سے وزراء کی تعداد 16 ہوجائے گی اور مزید دو وزراء کی شمولیت کی گنجائش باقی رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے ڈسمبر میں کابینہ میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت غیر کارکرد وزراء کو سبکدوش کرتے ہوئے نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا ۔1
