دو سیاسی چور رنگے ہاتھوں بے نقاب: چندرا بابو نائیڈو

   

ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس سے متعلق مرکزی وزیر پیوش گوئل کے انکشاف پر ریمارک
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آندھراپردیش کے ریاستی عوام کی عزت نفس کو پامال کر رہے ہیں اور ہر جگہ و ہر موقع پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آندھرائی عوام کی توہین کر رہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا عہدہ فراہم کرنے کے مسئلہ پر پہلی دستخط کرنے کی خواہش کرنے پر مسٹر سونیا گاندھی کے تعلق سے بھی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے غیر شائستہ برتاؤ کیا تھا ۔ انہوں نے آج انتخابی جلسوں سے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ حیدرآباد میں قیام کرنے والے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو آندھراپردیش کے عوام کو درپیش مختلف مسائل و تکالیف سے کیا واقفیت رہتی ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر کہا کہ مسٹر جگن موہن ریڈئ اور کے چندر شیکھر راؤ کی بی جے پی کے ساتھ خفیہ ساز باز و مفاہمت پائے جانے کا وہ ایک طویل عرصہ سے اپنا اظہار کرتے رہے ہیں اور گذشتہ دن مرکزی وزیر مسٹر پیوش گوئل نے از خود مسٹر جگن اور کے سی آر کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور مفاہمت پائے جانے کا واضح طور پر اظہار کردیا ۔ جس کے نتیجہ میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی دو چو رنگے ہاتھوں بے نقاب ہوگئے اور اس طرح اب انتخابات میں عوام ہی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بہتر سبق سکھائیں گے ۔ جگن موہن ریڈی نت نئے ڈرامہ بازیاں کر رہے ہیں اور یہ سارے ڈرامہ بازیاں تنہا وہ نہیں کر رہے ہیں ۔ بلکہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ملکر ہی کر رہے ہیں ۔