دو عادی سارقین کو قید کی سزا

   


حیدرآباد۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے دو بدنام زمانہ عادی سارقین کو سزا سنائی ہے عدالت نے 35 سالہ ریتو راج سنگھ ساکن جوتی نگر بوڈاپل متوطن مدھیہ پردیش اور 28 سالہ گایا پرساد سن ساکن جوتی نگر متوطن مدھیہ پردیش کو فی کس 2سال کی سزا اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے۔ پولیس میڑپلی کے 10مقدمات میں انہیں سزا سنائی گئی ہے اورفی کس ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ میڑپلی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 28 اگسٹ 2020 کو انہیں گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ سے 27 تولہ سونا 283.7 تولہ چاندی ، ایک لاکھ 80 ہزار روپئے نقد رقم، لیاپ ٹاپ ، موٹر سیکل جملہ17 لاکھ 61 ہزار5 سو روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا تھا اور 29 اکٹوبر 2020 کو کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کیا تھا۔ اس سلسلہ میں ڈیٹکٹیو انسپکٹر میڑپلی مقبول جانی نے چارج شیٹ داخل کی تھی اور عدالت نے فیصلہ سنایا ہے۔ میڑپلی پولیس کے مطابق ریتو راج نے سال 2006 سے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔ آٹو موبائیل، گھروں میں سرقہ اس کا معمول بن گیا تھا اور وہ جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ سال 2006 میں اس نے قتل کی واردات انجام دی ۔ یہ دونوں سال 2020 جنوری میں حیدرآباد منتقل ہوئے اور جوتی نگر میں کرایہ کا مکان حاصل کیا اور جملہ 14 وارداتوں میں ملوث تھے۔