حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنر نے دو عادی سارقین کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی ہے ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 36 سالہ کے سرینواس ساکن جیڈی میٹلہ اور 28 سالہ کے دیاکر ساکن نیلور کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ شنکرپلی ، وقارآباد بانور ، ڈنڈیگل ، پٹن چیرو اور ملگو کے پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں ان سارقین نے وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس کے مطابق سرینواس نے سال 2019 میں 7 وارداتیں انجام دی تھیں ۔ اس عادی سارق کو پولیس شنکر پلی نے مارچ 2019 میں گرفتار کیا تھا ۔ جبکہ دیاکر نے جیڈی میٹلہ ، بالانگر ، صنعت نگر کے علاقوں میں وارداتیں انجام دی تھیں ۔ رات کے وقت کالونیوں میں گشت کرنا اور مقفل مکانات کو یہ سارق نشانہ بنایا کرتا تھا ۔ اور یہ کل 8 وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے ۔