حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے انعام یافتگان کو دو ماہ سے زائد انتظار کے بعد آخرکار انعامی رقم حاصل ہوئی ہے۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے 11 جون کو مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات پر 5 شخصیتوں کو باوقار مخدوم ایوارڈ اور 21 افراد کو کارنامہ حیات ایوارڈس پیش کئے گئے تھے۔ مخدوم ایوارڈ کے تحت دو لاکھ روپئے اور کارنامہ حیات ایوارڈ کے تحت 50,000 روپئے کی انعامی رقم کے کاغذی چیک حوالے کئے گئے لیکن محکمہ فینانس کی جانب سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب انعامی رقم ایوارڈ یافتگان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کی جاسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ اردو اکیڈیمی نے بجٹ کی منظوری سے قبل ہی ایوارڈ تقریب منعقد کرتے ہوئے چیکس حوالے کردیئے۔ انعامی رقم کے لئے شعراء اور ادیبوں کو اردو اکیڈیمی کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑے۔ صدرنشین اردو اکیڈیمی محمد خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ انعام یافتگان کی رقم بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر قومی اخبارات کو جاری کردہ اشتہارات کی رقم بھی متعلقہ اخبارات کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کردی گئی ۔ انہوں نے انعام یافتگان سے خواہش کی کہ وہ اپنے متعلقہ اکاؤنٹس چیک کرلیں۔واضح رہے کہ کارنامہ حیات ایوارڈ حاصل کرنے والے ایک بزرگ شاعر کا حال ہی میں انتقال ہوا اور انعامی رقم کی بروقت عدم اجرائی پر شعراء اور ادیبوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔