دو ماہ سے تنخواہ سے محروم صفائی عملے کی کانگریس کی جانب سے تہنیت

   

Ferty9 Clinic

نقدرقم اور اشیائے ضروریہ کی سربراہی، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا اقدام
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے گزشتہ دو ماہ سے تنخواہ کے بغیر خدمات انجام دینے والے صفائی ورکرس کو مریال گوڑہ میں تہنیت پیش کی۔ کانگریس کیڈر کی جانب سے صفائی کرمچاریوں پر پھول برسائے گئے اور ان کے پیر دھو کر رقمی امداد حوالے کی گئی۔ صفائی کرمچاریوں میں ماسک اور غذائی اجناس اور تیار غذا کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران صفائی کرمچاریوں کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔ کانگریس کے میونسپل فلور لیڈر بی لکشما ریڈی کی نگرانی میں 350 صفائی عملے کو میوا ، ماسک اور 500روپئے تقسیم کئے گئے۔صفائی عملے کے 10 افراد کے پیر دھو کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں صفائی عملے کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ عدم صفائی کی صورت میں وائرس پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈ پر 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کا اعلان کیا گیا لیکن آج تک تمام سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو تقسیم عمل میں نہیں آئی ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر اپنے وعدے پر عمل کرے۔ اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت اور حکام سے مکمل تعاون کریں۔