ریاستی وزیر ہریش راؤ کا میدک کے مختلف منڈلوں کا دورہ
میدک ۔ ریاستی وزیر فینانس و انچارج متحدہ ضلع میدک مسٹر ٹی ہریش راؤ ضلع میدک اسمبلی حلقہ مستقر نرساپور اور اس کے مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے یہاں انجام دے رہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ مقامی رکن اسمبلی مسٹر مدن ریڈی ‘ ضلع کلکٹر میدک مسٹر دھرماریڈی بھی دورہ میں شامل تھے ۔ انہوں نے نرساپور ٹاؤن میں زیر تعمیر جدید آر ٹی سی بس ڈپو کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے آر ٹی سی ایگزیکٹیو انجنیئر اور دیگر اعلی عہدیداروں سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے اندرون دو ماہ بس ڈپو کی تعمیراتی کام مکمل کردینے کی ہدایت دی ۔ وزیر خزانہ نے آر ٹی سی ڈپو کی اراضی پر موجود ایک بڑے گڑھے کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس گڑھے کی بھرنتی کر کے یہاں ایک پارک تعمیر کرنے کی ہدایت دی ۔ اس طرح انہوں نے نرساپور میں شمشان گھاٹ کی تعمیر کے لئے 50 لاکھ روپئے منظور کئے ۔ یہاں ایک ڈمپنگ یارڈ کی تعمیری کاموں کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ نرساپور میں عصری طریقہ پر ایک ماڈل مارکٹ بنانے کی منظوری دی ۔ انہوں نے مارکٹ کی تعمیر کے لئے ٹاؤن کی اولڈ تحصیل دفتر کی اراضی کی نشاندہی بھی کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ماڈل مارکٹ سرسلہ ضلع کی مارکٹ کی طرح ہوگی ۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں اور صدرنشین نرساپور بلدیہ کو سرسلہ مارکٹ کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر صدرنشین بلدیہ نرساپور مرلیدھر یادو ‘ سابق ریاستی وزیر وی سنیتا لکشما ریڈی ‘ صدرنشین ڈسٹرکٹ لائبریری چندرا گوڑ نائب صدر صدرنشین بلدیہ نعیم الدین کے علاوہ بلدیہ کے ارکان کونسل بھی شریک تھے ۔