دو مرتبہ ایم پی رہنے کے باوجود پٹرول کے اخراجات میں دشواری

   

انجن کمار یادو کا ریمارک، کانگریس کے منحرف ارکان اسمبلی کو عوامی ناراضگی کا سامنا
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے یہ دلچسپ ریمارک کیاکہ دو مرتبہ رکن پارلیمنٹ کی میعاد کی تکمیل کے باوجود وہ پٹرول کے اخراجات کے لئے دشواری محسوس کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہاکہ عام آدمی کی مشکلات کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ میں خود دو مرتبہ پارلیمنٹ کا رکن رہا لیکن مجھے پٹرول کے اخراجات کا انتظام کرنے میں دشواری ہورہی ہے۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ تلنگانہ ریاست میں تشکیل کے بعد سے 7 برسوں میں کے سی آر اور اُن کے افراد خاندان کے اثاثہ جات میں غیرمعمولی اضافہ کس طرح ہوا ہے۔ انجن کمار یادو جنھیں کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں ورکنگ پریسڈنٹ کی ذمہ داری دی ہے، کہاکہ ریونت ریڈی کو پارٹی کی صدارت سونپنے کے بعد کارکنوں میں غیرمعمولی جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ اُنھوں نے پیش قیاسی کی کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں ڈاکٹر ایم چناریڈی اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور کی طرح کانگریس کے اچھے دن واپس آئیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ریونت ریڈی کی قیادت میں پارٹی برسر اقتدار آئے گی۔ پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے بارے میں انجن کمار یادو نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب عوام منحرف ارکان اسمبلی پر سنگباری کریں گے۔ منحرف ارکان اسمبلی کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا ہے۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ 7 جولائی کو ریونت ریڈی اور نئی کمیٹی اپنی ذمہ داری سنبھالے گی۔ ریونت ریڈی، پدماں ٹمپل سے اور مَیں اوجین مہانکالی مہندر سے جلوس کی شکل میں گاندھی بھون پہونچوں گا۔ اُنھوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ ریالی کی اجازت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔