پڈوچیری : مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سندارراجن نے اپنے دو مشیروں کے گذشتہ دو ماہ میں ہونے والے بھاری اخراجات کی جانچ کی ہدایت دی ہے ۔ راج بھون کی طرف سے ہفتے کو جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سندرراجن نے جمعہ کی شب چیف سکریٹری اشونی کمار کو مکتوب ارسال کر کے اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ دینے کو کہا ہے ۔ واضح رہے کہ راجیو گاندھی ہیومن رائٹس فورم کے مسٹر رگھوپتی کو حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی) کے ذریعہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں ڈاکٹر سی چندرومولی اور ڈاکٹر اے پی مہیشوری کی تنخواہ ، گاڑیوں اور فرنیچر کی مرمت اور خریداری کے لئے 24.05 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔