کیتن پلی اور ابراہیم پٹنم پر بی آر ایس کی کامیابی ، خانہ پور میں ہنگامہ اور کشیدگی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کے تین میونسپلٹیز کے صدر نشین و نائب صدر نشین کے ملتویہ انتخابات آج منعقد ہوئے جس میں بی آر ایس نے ابراہیم پٹنم اور کیتن پلی پر صدر نشین کے عہدوں پر کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح بی آر ایس کے میونسپل صدر نشین کی تعداد بڑھ کر 20 تک پہونچ گئی ۔ دوسری جانب خانہ پور میں چیرمین کے انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی کے باعث انتخابی عمل کو اتوار تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ضلع منچریال کے کیتن پلی میونسپلٹی پر آج منعقدہ رائے دہی میں بی آر ایس کی امیدوار سندھیا رانی صدر نشین منتخب ہوگئی ۔ سی پی آئی کی امیدوار سریتا نے وائس چیرمین کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ۔ جب کہ کانگریس کے کونسلرس نے انتخاب سے دوری اختیار کی ۔ ضلع رنگاریڈی کی ابراہیم پٹنم میونسپلٹی میں بی آر ایس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی سدرشن ریڈی کو چیرمین منتخب کروایا جب کہ بی جے پی کی کونسلر ایم شیاملا نائب صدر نشین منتخب ہوئی ۔ دوسری جانب ضلع نرمل کی خانہ پور میونسپلٹی میں چیرمین کے انتخاب کے دوران شدید ہنگامہ دیکھنے میں آیا ۔ صدر نشین کے عہدے کے لیے ہاتھ اٹھانے کے عمل کے دوران کونسلرس کے درمیان جھگڑا ہوگیا ۔ جب کہ کانگریس کے رکن اسمبلی اے بوجو اور کانگریس کونسلرس کی عہدیداروں سے تلخ کلامی ہوئی ۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر رکن اسمبلی میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے ۔ واقعہ کے بعد بی جے پی اور بی آر ایس کے ارکان نے میونسپل آفس کے سامنے احتجاج کیا اور ایم ایل اے کے خلاف نعرے بازی کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عہدیداروں کو دھمکایا گیا ۔ خانہ پور میونسپلٹی میں جملہ 12 نشستیں ہیں جن میں بی آر ایس اور بی جے پی نے 4 ۔ 4 کانگریس نے 3 جب کہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا ۔ آزاد امیدوار اور ایک معاون رکن کی حمایت سے کانگریس کی تعداد پانچ ہوگئی جس کے باعث اقتدار کی کشمکش مزید پیچیدہ ہوگئی ہے ۔ چیرمین کے انتخاب کے دوران عہدیداروں کی جانب سے بی جے پی کی امیدوار مونیکا کا نام تجویز کرنے پر رکن اسمبلی اے بوجو نے اعتراض کیا جس کے بعد ماحول کشیدہ ہوگیا۔ بڑھتی ہوئی ہنگامہ آرائی کے پیش نظر عہدیداروں نے چیرمین کا انتخاب اتوار تک ملتوی کردیا ۔۔ 2y M