نلگنڈہ کے فرسٹ اڈیشنل سشنس جج کا فیصلہ ۔ ایک اور مقدمہ میں عمر قید کی سزا
حیدرآباد 6 فبروری ( پی ٹی آئی ) یادادگری بھونگیر ضلع میں ایک 29 سالہ ملزم کو دو کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل کی پاداش میں سزائے موت سنائی گئی ہے ۔ یہ واقعہ 2015 میں حاجی پور میں پیش آیا تھا ۔ فرسٹ اڈیشنل سشنس جج نلگنڈہ ایس وی وی ناتھ ریڈی نے خاطی سرینواس ریڈی کو پوکسو ایکٹ کے تحت سزائے موت سنائی ۔ عدالت نے مجرم کو ایک تیسری لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے کیس میں سزائے عمر قید بھی سنائی ۔ کہا گیا ہے کہ متوفی لڑکیوں کی عمریں 11 سال ‘ 14 سال اور 17 سال تھیں۔ مجرم کو آج ایک مقامی جیل سے عدالت میں لاے گیا تھا اور جج کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے ساتھ ہی اسے فوری وہاں سے منتقل کردیا گیا ۔ چونکہ کثیر تعداد میں لوگ عدالت کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کیلئے پہونچے تھے اس لئے پولیس کی جانب سے سکیوریٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے ۔ جن تین جرائم پر یہ سزا سنائی گئی تھی وہ 2015 سے شروع ہوئے ہیں۔ 2015 میں ایک جرم ہوا تھا جبکہ 2019 میں دو جرائم کا ارتکاب حاجی پور گاوں یادادری ۔ بھونگیر ضلع میں کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ دو علیحدہ زرعی کنووں سے 2019 میں دو لڑکیوں کی نعشیں دستیاب ہوئی تھیں۔ ایک متاثرہ لڑکی کی نعش انتہائی مسخ شدہ حالت میں اور دوسری کا صرف ڈھانچہ دستیاب ہوا تھا ۔ آج عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کا گاوں والوں کی جانب سے اور متوفی لڑکیوں کے افراد خاندان کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے اور یہ لوگ ابتداء سے مطالبہ کر رہے تھے کہ خاطی کو سزائے موت سنائی جانی چاہئے ۔ استغاثہ نے بھی جرائم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عدالت سے سزائے موت کی استدعا کی تھی ۔ سرینواس ریڈی کو گذشتہ سال 30 اپریل کو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور وہ نلگنڈہ کی جیل میں قید ہے ۔ اسے ایک لڑکی کی مسخ شدہ نعش دستیاب ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا ۔ یہ نعش مارچ 2019 میں دستیاب ہوئی تھی اور کنویں سے برآمد ہوئی تھی ۔ تفتیش کے دوران اس نے مزید دو لڑکیو ںکو عصمت ریزی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا تھا ۔