دو واقعات تعلیمی شوق اورعزم کی مثال ، تیسرا واقعہ مایوس کن

   

ماں ۔بیٹی دونوں نے امتحان لکھا، ضعیف خاتون کو لوگ دیکھ کر حیران، نوجوان طالبہ نے خودکشی کرلی
حیدرآباد۔ 5 مئی (سیاست نیوز) ماں اور بیٹی نے ایک ساتھ نیٹ امتحان تحریر کیا۔ اس کے علاوہ نیٹ انٹرنس ٹسٹ لکھنے والوں میں ایک 72 سالہ ضعیف خاتون بھی شامل تھی۔ اتوار کو منعقدہ نیٹ امتحان میں ضلع سوریہ پیٹ کے تنگاترتی منڈل کے منچانائیک تانڈہ کی ساکن بی سریتا (38 سال) جو فی الحال آر ایم پی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ یہ خاتون سال 2007ء میں بی ایس سی نرسنگ کے آخری سال میں زیرتعلیم تھی، تب ان کی شادی ہوگئی جس کے سبب وہ امتحان نہیں لکھ پائی۔ اس کے بعد انہیں بیٹیاں پیدا ہوئیں جس کے بعد وہ اپنا کورس مکمل نہیں کرپائی۔ ان کے شوہر بی کشن بھی آر ایم پی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہیں۔ ان دونوں نے اپنی بیٹی کو ایم بی بی ایس بنانے کیلئے کھمم میں نیٹ کی کوچنگ دلائی۔ اس دوران ماں سریتا کو بھی خیال آیا کہ وہ بھی ڈاکٹر بننے کیلئے نیٹ امتحان لکھے۔ اسی لئے انہوں نے بھی امتحان کی تیاری کی۔ ماں کا امتحانی مرکز سوریہ پیٹ کے سرکاری جونیر کالج میں قائم ہوا جبکہ بیٹی کاویری کا امتحانی مرکز کھمم کے گورنمنٹ ہائی اسکول این ایس پی کیمپ میں قائم ہوا۔ دوسرا واقعہ ضلع جگتیال کے چلگل گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ طالبہ پوجا نے نیٹ امتحان تحریر کیا۔ جب اس نے گھر پہنچ کر پیپر کراس چیک کیا تو وہ دلبرداشتہ ہوگئی اور گھر ہی میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ دو سال قبل بھی پوجا نے نیٹ امتحان تحریر کیا تھا۔ رینک نہ آنے کی وجہ سے اس نے دوبارہ امتحان لکھا اور اس مرتبہ بھی کامیابی نہ ملنے کے اندیشہ پر اس نے یہ انتہائی اقدام کرلیا۔تیسرے واقعہ میں ایک 72 سالہ ضعیف خاتون نے نیٹ امتحان تحریر کیا۔ جیسے ہی وہ امتحانی مرکز پہنچیں، اُن کے جوش و جذبہ کو دیکھ کر لوگ حیرت سے اُنہیں دیکھنے لگے۔ کاکیناڈا کی رہنے والی یہ معمر خاتون پی وینکٹا لکشمی ہے جو نیٹ امتحان تحریر کرنے کیلئے کاکیناڈا کے گورنمنٹ ویمن پولی ٹیکنک کالج پہنچی۔ انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ تعلیم کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں۔ 2