ارکان خاندان اور شخصی و سکیوریٹی عملہ بھی کورونا پازیٹیو
حیدرآباد۔تلنگانہ راشٹر سمیتی کے دو ارکان اسمبلی اور ایک ایم ایل سی کو کورونا کی توثیق کے بعد انہیں خانگی کاروپوریٹ دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔کل بی جے پی کے سرکردہ قائدین کو کورونا کی توثیق کے بعد آج تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرسمیتی کے دو ارکان اسمبلی اور ایک ایم ایل سی کے علاوہ ان کے 15 افراد خاندان کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے اور ان میں بیشتر کو خانگی کارپوریٹ علاج میں شریک کردیا گیا ہے ۔ رکن اسمبلی مسٹر کے چندر جو کہ حلقہ راما گنڈم کی نمائندگی کرتے ہیں ان کے علاوہ جی مہی پال ریڈی رکن اسمبلی پٹن چیرو کے کورونا معائنوں کے بعد توثیق ہوئی ہے کہ وہ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ایم ایل سی مسٹر این لکشمن کو بھی کورونا کی توثیق ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مسٹر مہی پال ریڈی رکن اسمبلی کو کورونا کی توثیق کے بعد افراد خاندان اور سیکیوریٹی عملہ کے معائنے کئے گئے جس میں انکشاف ہوا کہ ان کی والدہ بھائی اور شخصی مددگار کے علاوہ گن مین کو بھی کورونا لاحق ہے ۔رکن کونسل مسٹر این لکشمن نے تلنگانہ بھون میں ہفتہ کو اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں وزیر کے ٹی راما راؤ بھی موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ اجلاس میں کورونا متاثرہ ایم ایل سی کس کے رابطہ میں آئے تھے۔ ٹی آر ایس کے اب تک 10قائدین کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں جنگاؤں رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی ‘نظام آباد رورل رکن اسمبلی مسٹر باجی ریڈی گوردھن‘نظام آباد اربن رکن اسمبلی مسٹر بی گنیش گپتا‘ وزیر داخلہ محمد محمود علی ‘ ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ ‘ رکن اسمبلی ابراہیم پٹنم مسٹر منچی ریڈی کشن ریڈی ‘رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی ‘آلیرو رکن اسمبلی مسز جی سنیتا کے علاوہ مئیر حیدرآباد کوکورونا کی توثیق ہوئی ہے۔ ٹی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی اور ایک رکن کونسل خانگی دواخانوں میں زیر علاج ہیں اور ان کے بیشتر رشتہ دار جووباسے متاثر ہوئے وہ بھی دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔