امراوتی 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) دریائے کرشنا پر چار پراجیکٹس کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے سے اتفاق کے بعد حکومت آندھرا پردیش نے ایک اور حکمنامہ جاری کرتے ہوئے دو پاور ہاوزس بھی بورڈ کے حوالے کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ حکومت نے پہلے کہا تھا کہ وہ کرشنا دریا پر چار پراجیکٹس بورڈ کے حوالے کرنے تیار ہے بشرطیکہ تلنگانہ بھی ایسا ہی کرے ۔ سکریٹری توانائی سریکانت ناگولاپلی نے کل رات دیر گئے سری سیلم رائیٹ بینک پاور ہاوز اور ناگرجنا ساگر رائیٹ ( جواہر ) کنال پاور ہاوز بھی بورڈ کے حوالے کرنے احکام جاری کئے ہیں۔ یہ حوالگی مرکزی وزارت جل شکتی کی جانب سے جاری کردہ گزٹ کی مطابقت میں عمل میں لائی جائے گی ۔