حیدرآباد /3 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد ریاست آندھراپردیش میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ جن میں شیر خوار بچہ بھی شامل ہے ۔ یہ حادثہ کل پیش آیا ۔ اس دلخراش سڑک حادثہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع مشرقی گوداوری کے نندی گاما سے وشاکھاپٹنم کی سمت جانے والی کار کا ٹائر پھٹ پڑا اور کار ڈیوائڈر سے ٹکرا کر سڑک کی دوسری سمت آگئی اور اس کار نے وشاکھاپٹنم سے حیدرآباد کی سمت جانے والی دوسری کار کو ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں 25 سالہ پریہ 50 سالہ دیادیوی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 17 ماہ کے شیر خوار کی ہاسپٹل میں موت ہوگئی ۔ اس خاندان کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے ۔ حادثہ میں دونوں گاڑیوں میں سوار دیگر 7 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ دونوں گاڑیوں کے پرخچے اُڑ گئے ۔
نظام آباد میں کل جاب میلہ
نظام آباد :3 ؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )5 ؍ جنوری کے روز نظام آباد میں بے روزگار افراد کیلئے جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ـ سرینواس نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ورون موٹرس میں ریلیشن منیجر سرویس اکائونٹنٹ جائیدادیں خالی ہے ڈگری کامیاب افراد کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ، ڈپلومہ ، بی ٹیک ، میکانیکل انجینئر جن کی عمر 18 سے 30 سال والے افراد جاب میلہ میں شرکت کرسکتے ہیں ۔