حیدرآباد: ایک بڑی کارروائی میں اے پی کی چتورپولیس نے اسپیشل انفورسمنٹ بیورو (ایس ای بی)کے ساتھ مل کر تقریبا دو کروڑروپئے مالیت کی 182لال صندل کی لکڑیاں ضبط کرتے ہوئے اس سلسلہ میں چار اسمگلرس کو گرفتار کرلیا۔ یہ لال صندل کی لکڑیاں چتور سے تقریبا 20کیلومیٹر دور پینومورو چوراہا پر ضبط کی گئی جو چتور کے سیشاچلم کے جنگلاتی علاقہ سے تمل ناڈو کو غیر قانونی طورپر منتقل کی جارہی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق ایس ای بی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس وائی رشبھ ریڈی،چتور ڈی ایس پی این سدھاکر ریڈی نے ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر پینومورو چوراہا پر گاڑیوں کی تلاشی لی کیونکہ ان کو اسمگلرس کی جانب سے لال صندل کی لکڑیوں کی اسمگلنگ کا پتہ چلا تھا۔چتور ایسٹ سرکل انسپکٹر کے بالیا اور چتور تعلقہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر این وکرم کے علاوہ ان کی ٹیم نے کاراور لاری کو روکنے کی کوشش کی۔یہ کار اور لاری تروپتی سے چتور کی سمت جارہی تھیں۔ اگرچہ کہ سڑکوں پر بیریکیڈس لگائے گئے تھے تاہم دو گاڑیاں اس پر نہیں رکیں اور بیریکیڈس کو ٹکر دینے کے بعد تیزرفتاری کے ساتھ ان کے ڈرائیور گاڑیاں چلاتے ہوئے فرار ہورہے تھے تاہم پولیس نے کافی تعاقب کے بعد ان گاڑیوں کو رکوایا اور چاراسمگلرس کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس نے لاری میں لال صندل کی لکڑیوں کو پایا۔