واشنگٹن ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست انڈیانا پولیس میں دو ہندوستانی نژاد امریکی سکھ اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی کار جس میں وہ سفر کررہے تھے، ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ ان کے ایک دیگر ساتھی کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ مہلوکین کی شناخت 19 سالہ ورون دیپ اور 22 سالہ دونیت چہل کی حیثیت سے ہوئی ہے جن کا تعلق انڈیانا پولیس کے مضافاتی علاقہ فشرس سٹی سے تھا۔ مقامی نیوز چینل کے مطابق ان اسپورٹ یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) جس کی رفتار حادثہ کے وقت انتہائی تیز تھی، ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیکہ آخرکار درخت سے ٹکرائی کیسے ؟جب دونیت کار چلارہا تھا اور اس نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں پہنا تھا۔ 20 سالہ زخمی نوجوان گورجوت سندھو کو بغرض علاج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔