دکانیں گرائی گئیں تو استعفیٰ دے دوں گا! بی جے پی کی حلیف اپنا دل کے رکن اسمبلی شفیق احمد انصاری کا خطاب

   

لکھنؤ۔3؍اگست ( ایجنسیز)رام پور کے سوار حلقۂ اسمبلی کے رکن شفیق احمد انصاری نے اپنی ہی حکومت کی جا رہی کارروائی کے خلاف بیان دے دیا ہے۔ انہوں نے تاجروں کے ایک جلسہ? عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ انہدامی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔ آج میں کھل کر بات کر رہا ہوں، عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے، عوام کی تکلیفوں کو ہم نہیں سنیں گے تو کون سنے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں، آپ میرے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیے جو میرا حال ہوگا وہی آپ کا ہوگا۔ اگر میں جیل جاؤں گا تو آپ بھی جیل جاؤ گے۔بی جے پی کی حلیف جماعت ’اپنا دَل ایس‘ کے رکن اسمبلی نے تاجروں سے خطاب کے دوران کہا کہ قانونی لڑائی لڑو، ایسے شکست تسلیم کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر ٹانڈا کی مارکیٹ ٹوٹتی ہے تو میں استعفیٰ دے دوں گا۔ دراصل ٹانڈا کی مارکیٹ میں غیر قانونی تجاوزات کے متعلق پی ڈبلیو ڈی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اسی سلسلہ میں رکن اسمبلی شفیق احمد انصاری نے تاجروں کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں یقین دلایا کہ دکانیں نہیں ٹوٹیں گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ استعفیٰ دینے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔دوسری جانب شفیق احمد انصاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر تقریباً 1000 ایسے دکاندار ہیں جن کے باپ دادا کی بھی یہاں پر دکانیں تھیں۔ یہ دکانیں پی ڈبلیو ڈی کی زمین پر نہیں ہیں اس کے باوجود پی ڈبلیو ڈی نے ان کو غیر ضروری نوٹس دیا تھا۔