ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کیمپس میںمقرر،اسکالرس کی شرکت ، پروفیسر بشیر الدین میموریل لیکچر بھی ہوگا
حیدرآباد۔ 15؍ فبروری ( پریس نوٹ) ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ ( ہسٹری ) کے زیراہتمام 16اور 17؍فبروری 2019ء کو منی آڈیٹوریم سی ایس ٹی ڈی بلڈنگ ، یونیورسٹی ہذا واقع جوبلی ہلز ،حیدرآباد میں دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’ 14تا 18ویں صدی کے درمیان دکن کا ایران کے ساتھ سماجی ، سیاسی، معاشی و تہذیبی تعلقات ‘‘ منعقدہوگی۔ کانفرنس کاافتتاحی اجلاس 16؍ فبروری کو 10.30بجے دن پروفیسر سیتا راما راؤ وائس چانسلر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی صدارت میں منعقد ہوگا ۔ جس میں پروفیسروی کشن راؤ ممبر کونسل آف انڈین کونسل فار ہسٹاریکل ریسرچ نئی دہلی کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ اس اجلاس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شری بی وینکٹیشم آئی اے ایس سیکریٹری ٹورازم ، کلچر اینڈ یوتھ افیئرس ، حکومت تلنگا نہ ہوں گے جب کہ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے ڈاکٹر میر اصغر حسین ریٹائرڈ ڈائرکٹر و اڈوائزر انٹرنیشنل یورو عرب ڈائیلاگ یونیسکو، پروفیسر اے سدھا کر ڈائرکٹر اکیڈیمک ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور پروفیسر سی وینکٹیا رجسٹرار ڈاکٹر بی آر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی شرکت کریں گے ۔ کانفرنس کے ایک حصہ کے طورپر 16؍ فبروری کو 12.30 بجے دن سابق وائس چانسلر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی پروفیسر بشیر الدین میموریل لیکچر منعقد ہوگا جس میں پروفیسر عزیز الدین ، جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی نئی خطاب کریں گے ۔ اس کانفرنس میں ’’تاریخی شہر ایران اور دیگر مغربی ایشیائی ممالک کے مہاجرین کی آمد کے لیے باب الداخلہ :ہندوستانی تاریخ میں دکن کا کلیدی رول ‘‘ کے تحت چار اہم عنوانا ت جیسے ’’ دکن اور ایران کے درمیان سیاسی ، سفارتی ، معاشی اور تہذیبی تعلقات ‘‘ پر مذاکرات منعقد ہوں گے ۔ اس کانفرنس میں امریکہ کے علاوہ ہندوستان کے مختلف حصوں سے مندوبین اور اسکاکرس شرکت کریں گے اور ریسرچ پر مشتمل60 سے زائیدتحقیقی مقالے پیش کئے جائیں گے ۔ کانفرنس کے دوسرے دن 17؍فبروری کو صبح 10بجے ’’ دکن کی فنی تعمیر اور ثقافت : ایرانی فن کے اثرات ‘‘ پر پیانل مباحث ہوں گے جس میں ممتاز اسکالرس جیسے شری ویدا کمار ، ڈاکٹرکرشنا کماری اور پروفیسر عزیز الدین حصہ لیں گے ۔ اس پیانل مباحث کے کوآرڈینیٹر پروفیسر ای سدھا رانی ہیںجب کے کانفرنس کی اختتامی تقریب 3.30بجے دن پروفیسر اے سدھا کر ڈائرکٹر اکیڈیمک ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی صدارت میں منعقد ہوگی جس میں ڈاکٹر ستیہ نارائنا کلیدی خطبہ پیش کریں گے ۔اس اجلاس کے مہمانان خصوصی اے کے خان آئی پی ایس مشیر اقلیتی اُمور حکومت تلنگانہ جب کہ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے ڈاکٹر لاوینیا ویمسانی ،شاونی اسٹیٹ یونیو رسٹی یوایس اے کے علاوہ ڈاکٹر دانش معین صدرشعبہ ہسٹری مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ،حیدرآباداور پروفیسر سی وینکٹیا رجسٹرار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی شرکت گے ۔ اس دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کے ڈائرکٹر پروفیسر سید ایوب علی اور معاون ڈائرکٹر پروفیسر ای سدھا رانی ہیںجب کہ معاونین میں ڈاکٹر سرینواس وڈانم اور ڈاکٹر جی دیاکر ڈیپارٹمنٹ آف ہسٹر ی شامل ہیں ۔