دھامی نے ایمس سیٹلائٹ سنٹر کا معائنہ کیا

   

نینی تال: اتراکھنڈ کے چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے آج اودھم سنگھ نگر میں زیر تعمیر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) کے سیٹلائٹ سینٹر کا معائنہ کیا۔چیف منسٹر نے ایمس کی تعمیر کو تاریخی قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کو ایک تحفہ دیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اب کماؤن کے لوگوں کو علاج کیلئے کہیں اور نہیں جانا پڑیگا۔ تمام سہولیات ایک چھت کے نیچے دستیاب ہونگی۔ایگزیکیوٹنگ ایجنسی ناگارجنا کنسٹرکشن سے چیف منسٹر کو ایمس کا تفصیلی بلیو پرنٹ پیش کیا گیا۔ بتایا گیا کہ تعمیراتی کام سال 2025 تک مکمل کر لیا جائیگا۔ایگزیکیوٹنگ ایجنسی نے بتایا کہ سیٹلائٹ سینٹر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے معیارات کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ 100 ایکڑ اراضی پر 351 کروڑ روپے کی لاگت سے 280 بستروں کا پری فیبریکیٹڈ ہسپتال بنایا جا رہا ہے جس میں جدید آلات سے لیس تمام سہولیات موجود ہوں گی۔دھامی نے ایمس کیمپس میں پودا بھی لگایا۔ اس دوران ایم پی اجے بھٹ، ایم ایل اے شیو اروڑہ، سابق وزیر تلکراج بیہڑ سمیت کئی معززین موجود تھے ۔